|

وقتِ اشاعت :   April 7 – 2014

کوئٹہ : انسدادِ دہشت گردی کوئٹہ کی خصوصی عدالت نے بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی کے مقدمہ قتل کے مرکزی ملزم سابق فوجی حکمران پرویز مشرف کو 21 اپریل کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ بلوچ بزرگ قوم پرست رہنما نواب محمداکبرخان بگٹی کے مقدمہ قتل کی سماعت یہاں سوموار کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک کے جج طارق احمد قاضی نے کی، جس میں سابق وفاقی وزیرِ داخلہ آفتاب شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیرِ داخلہ شعیب نوشیروانی بھی پیش ہوئے مرکزی ملزم پرویز مشرف اور ان کے ضامن کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایک بار پھر پرویز مشرف کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا گیا اور کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کی ضمانت منسوخ کرکے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے ضامن کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے عدالت نے سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کے پانچ بار پراڈکشن آرڈر جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ گزشتہ سماعت پر عدالت کی جانب سے ان کے ضمانتی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا گیا تھا سماعت کے بعد نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل احمد راجپوت نے ’’آن لائن‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی اہم اور حساس نوعیت کا مقدمہ ہے مرکزی ملزم عدالت کے روبرو پیش ہونے کی بجائے مسلسل نہ صرف راہ فرار اختیار کررہے ہیں بلکہ توہین عدالت کے مرتکب بن رہے ہیں بار بار عدالتی احکامات کے باوجود پیش نہیں ہورہے جبکہ اس سے قبل تفتیشی عمل سے متعلق ہم اپنے خدشات و تحفظات بارے عدلیہ کو آگاہ کرچکے ہیں کہ عدالتی احکامات کے باوجود تفتیشی عمل شروع ہی نہیں کیا گیا اور جس طرح سست روی کا شکار ہے اور تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے انصاف کے تقاضہ پورے نہیں ہونگے اور اس کے انتہائی خطرناک اور تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا اور درخواست کی گئی کہ انہیں پیش ہونے سے استدعا کی کہ انہیں استثنیٰ دیا جائے تاہم ہمارے مؤقف کو سامنے رکھتے ہوئے عدالت نے استثنیٰ کی درخواست ایک بار پھر مسترد کردی اور کہا کہ اگر مشرف آئندہ سماعت میں پیش نہیں ہوں گے، تو ان کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیئے جائیں گے جو ہم سمجھتے ہیں کہ ایک اور موقع دیا گیا ہے اسی دوران سابق وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ \’ہم اب بھی عدالت کا احترام کرتے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔