کوئٹہ: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں قلات میں جاری آپریشن کو فورسز کی جارحیت کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج علی الصبح فورسزنے قلات کے علاقوں پارود ،شور ، نیمرغ اور گردو نواح کے علاقوں میں ایک آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے عام بلوچ آبادیوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا ایک نا رکنے والا سلسلہ شروع کیا جس میں درجنوں عام بلوچ شہری شہید اور کئی زخمی ہوئے ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ قابض فورسز نے مذکورہ علاقوں کو چاروں ا طراف سے گھیر کر عام آبادی والے علاقوں پر چڑھائی کردی اس موقع پر کو گن شپ ہیلی کاپٹروں اور جیٹ طیاروں کی مکمل معاونت حاصل تھی ۔ جنگی ہیلی کاپٹر وقفے وقفے سے عام آبادیوں پر شیلنگ کرتے گئے جن میں غریب بلوچوں کے گدانوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا اور اسی اثناء فورسزعام شہریوں کے گھروں کو جلانے میں مصروف رہا ۔ اطلاعات کے مطابق فائرنگ اور شیلنگ سے درجنوں عام شہری شہید ہوئے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں ، اور بہت سے بلوچ فرزندوں کو اغواء کرکے لیجانے کی بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اپنی بہادری اور جوانمردی عام بلوچ شہریوں پر دِکھانے والا شکست خوردہ فورسز بعد ازاں خود ہی میڈیا میں یہ دعویٰ کرتا نظر آیا کہ انہوں نے 30 دہشگرد ہلاک کیئے ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ شہید ہونے والے سارے عام بلوچ ہیں جو چرواہے اور مزدور تھے اور ان ہلاک ہونے والے میں اکثر یت عورتوں اور بچوں کی ہے ۔ آزاد میڈیا کے دعویدار اتنی وثوق سے خبر شائع کرکے ان عورتوں اور بچوں کو دہشت گرد قرار دینے سے پہلے بہتر ہوتا کہ ایک بار مذکورہ علاقوں کا خود دورہ کرتے تاکہ فورسز کی ظلم و بربریت اور دوروغ گوئی کا پول کھل جاتا ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ گذشتہ کئی عرصے سے فورسز نے اس طرز کے آپریشنز کا ایک سلسلہ شروع کیا ہوا ہے جن میں عام بلوچوں کو فضائی بمباری کا نشانہ بنانے کے بعد شہید ہونے والے عام بلوچوں کو دہشت گرد قرار دے کر اپنے ان گناہوں کو چھپانے کی سعی کرتے ہیں ۔ صرف گذشتہ 3 ماہ کے دوران فورسزنے ڈیر ہ بگٹی ، نیوکاہان ،پنجگور ، مشکے ، شاپک ، جھاؤ ، آواران ، قلات ، اسپلنجی ، گچک سمیت کئی علاقوں میں اس طرز کے آپریشنوں میں درجنوں بلوچوں کو شہید اور سینکڑوں کو لاپتہ کرنے کے ساتھ ساتھ کئی گھروں کو جلا کر خاکستر کردیا ہے۔ فورسز کی ان وحشیانہ کاروائیوں میں روز افزوں اضافہ اس خطہ میں ایک سنگین انسانی المیہ کو جنم دے رہا ہے ۔۔