کیف: یوکرین ان دنوں شدید داخلی بحران کا شکار ہے لیکن اس حالت میں وہاں کے منتخب نمائندوں نے معاملات پر غور کے بجائے پارلیمنٹ کو ہی کشتی کا اکھاڑا بنادیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست کریمیا کی یوکرائن سے علیحد گی اور روس سے الحاق کے بعد ملک کے مزید مشرقی حصوں میں آزادی کی تحریکوں نے زور پکڑلیا ہے ، حالات کے پیش نظر دارالحکومت کیف میں پارلیمنٹ ہاؤس میں بحث جاری تھی کہ اس دوران قوم پرست جماعت کے ارکان کی جانب سے کمیونسٹ پارٹی پر روس کا آلہ کار ہونے کا الزام لگایا گیا۔
ابھی کمیونسٹ پارٹی کا رکن الزامات کا جواب ہی دے رہا تھا کہ 2 قوم پرست ارکان سے اس کی تو تکار ہوگئی، صورت حال کو دیکھتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی کے ارکان بھی وہاں پہنچ گئے اور پھر دونوں جماعتوں کے ارکان نے ایک دوسرے پر گھونسوں ، مکوں اور لاتوں کی بارش کردی۔ ۔