|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2014

نیویارک: امریکی ریاست پینسلوانیا میں ہائی اسکول کے طالب علم نے تیز دھار والے آلے سے حملہ کرکے ایک درجن سے زائد  طالب علموں کو زخمی کردیا جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک کے پٹس برگ ہائی اسکول میں سرپھرے نوجوان طالب علم نے صبح 7 بجکر 13 منٹ پر اس وقت حملہ کیا جب طلبا اسکول آرہے تھے، حملہ آور نے چاقو کے وار کرکے کم از کم 20 طالب علموں کو شدید زخمی کردیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں میں بیشتر کی عمریں 14 سال سے 17 سال کے درمیان ہیں۔

واقعے کے فوری بعد انتظامیہ نے اسکول کو خالی کرالیا جبکہ حملہ آور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی تاہم اس کی عمر اور شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ امریکا میں  طالب علموں کی جانب سے   اسکول میں فائرنگ کے واقعات آئے دن خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں جس میں اب تک متعدد طلبا ہلاک اورکئی زخمی ہوچکے ہیں۔