|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2014

کوئٹہ : سبی واقعہ دہشت گردی ہے، سویلین پر حملے کی مذمت کرتاہوں۔ ان خیالات کااظہار بلوچ قوم پرست رہنماء نوابزادہ حیربیارمری نے ایک غیرملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا ہماری جدوجہد کاحصہ نہیں، ہماری جنگ ریاستی فوج کے ساتھ ہے، عام سویلین کے ساتھ ہماری کوئی دشمنی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تنظیم نے یہ کارروائی کی ہے چاہے وہ میرے اپنے دوست ہی ہوں میں ان کے اس عمل کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ قلات آپریشن میں 20 بے گناہ شہریوں کو قتل کیا گیا، حکمرانوں نے غلط بیانی کی ہے کہ قلات میں مسلح افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کے پاس کچھ بھی اختیارات نہیں ہم ان سے مذاکرات نہیں کرینگے، تین فیصد ووٹ لینے والی صوبائی حکومت کو بلوچ قوم نے مستردکردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی طاقتیں بلوچستان میں شفاف طریقے سے ریفرنڈم کرائیں خود واضح ہوجائے گا کہ بلوچ قوم میرے موقف کی کتنی تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اس جنگ کوچند سردار نہیں بلکہ پوری بلوچ قوم لڑرہی ہے آج ہر بلوچ ریاستی رویے سے مسلح ہوچکا ہے اور بلوچستان کی آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری جنگ براہ راست فوج کے ساتھ ہے اور فوج نے ہی بلوچستان پر قبضہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت میں شامل تمام لوگ اپنے مفادات کیلئے کام کررہے ہیں، اپنی پوزیشن کو مضبوط بنائینگے بلوچوں کیلئے وہ کچھ بھی نہیں کرسکتے اور نہ ہی ان کے اختیار میں کچھ ہے۔