لاہور: مسلم لیگ(ق) نے تحفظ پاکستان بل کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے سینیٹ میں بل کی مخالفت کا اعلان کردیا ہے۔
مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں قومی اسمبلی میں منظور کیے جانے والے تحفظ پاکستان بل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ تحفظ پاکستان بل بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور(ق) لیگ سینیٹ میں بل کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بل پر مشترکہ مؤقف کی کوشش کررہی ہیں اور ہم بل کے خلاف حمایت کے لیے مزید رابطے کریں گے جبکہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحفظ پاکستان بل پر آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن کی شدید ہنگامہ آرائی اور احتجاج کے دوران قومی اسمبلی میں تحفظ پاکستان بل منظور کیا گیا اور اس موقع پر اپوزیشن ارکان نے بل کی کاپیاں بھی پھاڑ کر اسے کالا قانون قرار دیا تھا۔