|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2014

عالمی شہرت یافتہ امریکی ریسلر الٹی میٹ واریئر ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ(ڈبلیو ڈبلیو ای) کے ہال آف فیم میں شمولیت کے کچھ دن بعد ہی انتقال کر گئے۔ ریسلنگ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ میں تعزیتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای اپنے بڑے سپر اسٹار کو کھونے پر انتہائی افسردہ اور دکھی ہے۔ الٹی میٹ واریئر کے نام سے مشہور جیمز ہیل وگ نے اس وقت کی ڈبلیو ڈبلیو ایف میں 1987 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ریسلنگ کی تاریخ کے مشہور ترین ریسلرز میں سے ایک بن گئے۔ وہ ریسل مانیہ چھ میں عظیم ریسلر ہلگ ہوگن کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کے ساتھ ساتھ شہرت کی بلندیوں پر بھی پہنچ گئے۔ چون سالہ واریئر کی موت کی وجوہات جاری نہیں کی گئیں۔ انہیں اسی ماہ پانچ اپریل کو ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ کمپنی انتہائی مشکور ہے کہ واریئر کو چند قبل ہی ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں شامل کر کے ان کے اصل مقام سے نواز دیا گیا اور انہوں نے ریسل مانیہ 30 میں شرکت بھی کی۔ چھ فٹ دو انچ قد اور 127 کلو وزن کے حامل واریئر نے بھورے بالوں اور چہرے پر پینٹنگ کر کے اپنی مخصوص شناخت بنائی اور بچوں اور بڑوں یکساں مقبول ہوئے۔ ان کے اہل خانہ سے تاحال رابطہ نہیں ہو سکا اور ویب سائٹ کے ذریعے بھیجی جانے والی ای میل کا ابھی تک جواب موصول نہیں ہوا۔