|

وقتِ اشاعت :   April 10 – 2014

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کے روز ‘بگ تھری’ منصوبے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ پی سی بی اعلامیے کے مطابق فیصلے سے پاکستان کی بین الاقوامی برادری میں تنہائی ختم ہوجائے گی جبکہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔
‘بگ تھری’ کا ہتھوڑا
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2015 سے لیکر 2023 تک ہندوستان سمیت تمام ممالک کے ساتھ کرکٹ کے حوالے سے معاملات طے ہوچکے ہیں۔ اعلامیے میں چئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کرنے سے قبل ہم نے ہندوستان سمیت تمام بورڈز کے ساتھ بات چیت کی جنہوں نے ہمیں باہمی کرکٹ کے حوالے سے یقین دہانی کروادی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ پیش کیے جانے کے بعد سے منصوبے میں کافی تبدیلی کی گئی ہے جس کے بعد ان ممالک نے ہمیں اس کی حمایت کرنے کی درخواست کی تھی۔
آخر بگ تھری کا توڑ کیا؟
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ چئرمین پی سی بی اس حوالے سے کل پریس کانفرنس کے دوران اعلان کریں گے۔ اس سے قبل نجم سیٹھی نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کو ‘بگ تھری’ منصوبے میں شامل ہو کر ‘بگ فور’ بنانے کی پیشکش کی گئی تھی۔ بعدازاں اس وقت کے پی سی بی چیئرمین ذکا اشرف نے پیشکش کی تصدیق کی تھی تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ صرف زبانی تھا جس پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا تھا۔ پاکستان نے فروری میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس کے دوران منصوبے کے حوالے سے ووٹنگ کے مرحلے کا بائیکاٹ کیا تھا تاہم اس منصوبے کو اکثریت کی حمایت حاصل تھی جس وجہ سے اسے منظور کرلیا گیا۔