|

وقتِ اشاعت :   April 13 – 2014

کراچی: مصباح الحق کی ون ڈے کپتانی پر چھائے غیریقینی کے بادل چھٹنے لگے،  ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بغیر کسی وجہ کہ انھیں قیادت سے ہٹانے کے حق میں نہیں، آئندہ برس ورلڈ کپ میں بھی ان کے ہی کپتان برقرار رہنے کا امکان ہے۔ٹوئنٹی 20 کپتانی کے لئے شاہد آفریدی کے ساتھ عمر اکمل اور احمد شہزاد کا بھی نام زیر غور ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد محمد حفیظ نے جب کپتانی سے استعفیٰ دیا تو مختلف حلقوں کی جانب سے مصباح الحق کو بھی قیادت سے ہٹانے کا مطالبہ سامنے آنے لگا، مختلف مواقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پہلے ہی مصباح کو ورلڈ کپ 2015 تک کپتان برقرار رکھنے کا عندیہ دے چکے اور اب بھی وہ ان کو بغیر کسی وجہ سے ہٹانے کے حق میں نہیں ہے۔ ایک غیرملکی خبررساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مصباح الحق کی قیادت میں ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں ہی ٹیمیں بہتر پرفارم کررہی ہیں جبکہ ان کی اپنی پرفارمنس مثالی ہے۔ آئندہ برس ورلڈ کپ میں ان کی قیادت کو صرف اس وقت خطرہ ہوسکتا ہے جب ٹیم اس سے قبل کھیلی جانے والی سیریز میں انتہائی برا پرفارم کرے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ محمد حفیظ کے مستعفی ہونے کے بعد بورڈ کو ٹوئنٹی 20 کپتان کی تلاش ہے، نجم سیٹھی کی جانب سے مختلف ناموں پر غور بھی کیا گیا ہے ان میں شاہد آفریدی کے ساتھ عمر اکمل اور احمد شہزاد بھی شامل ہیں تاہم ابھی اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ بورڈ چیئرمین پاکستان کرکٹ کی ترقی کے لیے مختلف منصوبے رکھتے ہیں جن میں معین خان، مشتاق احمد، انضمام الحق اور وقار یونس جیسے سابق کرکٹرز کا اہم کردار ہوسکتا ہے، معین خان ویسے ہی ان کے دور میں منیجر اورہیڈکوچ کے طور پر کام کرچکے اور انھیں مستقبل بھی اہم ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے۔