|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2014

کوئٹہ: افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے پیر کی صبح غلطی سے سرحد پار کرنے والے دو پاکستانی چرواہوں کو ہلاک کر دیا۔ لیویز فورسز کے ایک عہدے دار نےبتایا کہ دونوں چرواہے پیر کو پاکستان کے علاقے بدینی سے سرحد پار چلے گئے۔ عہدے دار نے بتایا کہ سرحد پر تعینات افغان سیکورٹی اہلکاروں نے بلا امتیاز فائرنگ کرتے ہوئے ان چرواہوں کو موقع پرہی ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت حیات اللہ اور عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے بدینی کے رہائشی تھے۔ بلوچستان کے سیکریٹری داخلہ اسد الرحمان گیلانی نے ڈان سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے لیے سینئر افسران کو علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔ لیویز اہلکاروں نے بتایا کہ دو چرواہے اپنے اونٹوں اور دوسرے موشیوں کی نگرانی کرتے ہوئے غلطی سے سرحد عبور کر گئے تھے۔ اہلکاروں نے مزید بتایا کہ افغان سیکورٹی فورسز نے تنبیہ یا بغیر کسی چیکنگ کے دونوں پر گولیاں برسا دیں۔ دونوں لاشوں کو واپس پاکستان لانے کے لیے افغانستان حکام کے ساتھ بات چیت میں مصروف ایک اہلکار نے بتایا کہ افغان سیکورٹی فورسز دعویٰ کر رہی ہیں کہ ہلاک ہونے والے طالبان در انداز تھے۔ دونوں لاشوں کو بدینی پہنچا دیا گیا ہے اور سرحد کے دونوں جانب سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ کچھ مہینے پہلے، اسی طرح کے ایک واقعے میں افغان سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں علاقے قمرالدین کریز کے چار پاکستانی قبائلیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ پاکستان کے محکمہ خارجہ نے اس واقعے کے بعد افغان حکام سے سخت احتجاج کیا تھا۔