نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سری نواسن کو بطور بی سی سی آئی صدر معطل کئے جانے کے خلاف دائر کی جانے والی درخواست مسترد کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے معطل صدر سری نواسن نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں سنیل گواسکر کو قائم مقام صدر بنانے اور اپنی معطلی کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست کی تاہم آج سپریم کورٹ نے ان کی درخواست مسترد کردی۔
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے عبوری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سری نواسن کو بطور بی سی سی آئی صدر کام کرنے سے روکتے ہوئے سابق کرکٹر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سنیل گواسکر کو کرکٹ بورڈ کا نیا صدر مقرر کردیا تھا۔