|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2014

تربت: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے بلا امتیاز اور بلا خوف کاروائی کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او شبیر احمد بروہی کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ڈی پی او کے دفتر میں تربت میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور شہید ہونے والے اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، اس موقع پر ڈی پی او نے امن و امان، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف حکمت عملی سمیت دیگر امور سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس بلاامتیاز کاروائی کرے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے، عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور پولیس کو جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے کے لیے تمام تر وسائل فراہم کئے جائیں گے، اسلحہ، گاڑیاں ، بلٹ پروف جیکٹس کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے تربت میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی پر ڈی پی او اور پولیس کی تعریف کی اور انہیں شاباش دی اور امید ظاہر کی کہ امن و امان کے لیے مزید اقدامات کریں گے اور جرائم کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری محمد نسیم لہڑی، کمشنر مکران ڈویژن عبدالفتح بھنگراور ڈی سی کیچ بھی موجود تھے۔