|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں لڑائی جھگڑوں کے دوران فائرنگ ،چاقوؤں اور لاٹھیوں کے وار کرکے ایک شخص ہلاک جبکہ جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے بھوسہ منڈی میں دو گروہوں کے درمیان زمین کے تنازعے پر تصادم ہوا جس کے دوران لاٹھیوں، ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا اور فائرنگ بھی کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں شاہ ولی ولد دین محمد الکوزئی سریے سے گہری چوٹ لگنے سے جاں بحق جبکہ دو افراد علاؤ الدین ولد حاجی ولی شاہ الکوزئی اور عطاء الرحمان ولد ولی شاہ زخمی ہوا۔ لاش بولان میڈیکل اسپتال جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں کلی سنزر خیلان کے مقام پر دو بھائیوں کے درمیان گھریلو معاملے پر جھگڑا ہوگیا جس کے دوران جعفر خان ولد اسرائیل کاکڑ نے فائرنگ کرکے اپنے بھائی ظفر اللہ کو زخمی کردیا اور فرار ہوگیا۔ زخمی کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال پہنچایا گیا۔ ڈاکٹر کے مطابق ظفر اللہ کو دائیں ٹانگ میں ایک گولی لگی ہے ۔کچلاک ہی میں کرکٹ میچ کے دوران جھگڑے کے دوران قادر نامی شخص نے چاقو مار کر نذیر احمد ولد محمد ابراہیم میانخیل کو زخمی کردیا۔