|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2014

کراچی: سندھ حکومت نے ایک بار پھر لیاری گینگ وار کے دو ملزمان کے سر کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے ایک مرتبہ پھر عزیر بلوچ اور بابا لاڈلہ کے سرکی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ملزمان کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے کرنے کی تجویز کی سمری وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو بھیجی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ نکلوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ حکومت سندھ نے اس سے پہلے بھی دونوں ملزمان کے سرکی قیمت 50 ، 50 لاکھ روپے مقرر کی تھی جو بعد میں واپس لے لی تھی۔ادھر کراچی کے علاقوں محمد علی سوسائٹی اور اورنگی ٹاؤن میں مبینہ مقابلوں کے دوران تین ڈاکو ہلاک ہوگئے، ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی اشیا برآمد کر لی گئی۔ ایس پی جمشید ٹاؤن رانا شعیب نے بتایاکہ محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان سگنل کے قریب شہری سے موٹرسائیکل سوار ملزمان لوٹ مار کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچ گئی اور مقابلہ ہو گیا، مقابلے میں ایک ملزم موقع پر ہی مارا گیا جبکہ دو زخمی ہوئے تاہم وہ دونوں زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ملزم کے قبضے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔ دوسری جانب اورنگی ٹاؤن کے علاقے پیر آباد میں مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔