اسلام آباد: چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا ہے کہ عدلیہ ہر حال میں آئین کا تحفظ کرے گی اور موجودہ حالات میں قانون کی بالادستی کے لئے اسے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا فخر ہے کہ ملک میں سپریم کورٹ اور اعلیٰ عدلیہ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، ترقی پذیر جمہوریتوں کی طرح پاکستان کو بھی دہشتگردی، نسل پرستی اور لسانی تقسیم جیسی برائیوں کا سامنا ہے تاہم ان حالات میں عدلیہ کو قانونی کی بالادستی کیلئے فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
جسٹس تصدق جیلانی نے کہا کہ 3 سالہ طویل اور کٹھن جدوجہد کے بعد عدلیہ نے آزادی حاصل کی، عدلیہ کی جانب سے لوگوں کو انصاف پہنچانے کی کوشش میں وکلا سڑکوں پر آئے، یہی وجہ ہے کہ انصاف کی فراہمی کیلئے وکلا کا کردار اہم ہے، تمام ریاستی ادارے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں تو گڈ گورننس کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ نے پشاور چرچ دھماکے کا نوٹس لے کر اقلیتی برادری کے حقوق کا خیال رکھا۔
واضح رہے کہ انٹر نیشنل جوڈیشل کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، بھارت، ترکی ، نائیجیریا، لیبیا،سری لنکا سمیت کئی ممالک کے وفود شریک ہیں۔