|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2014

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں ميں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مدرسے کے 3 طالبعلموں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم افراد نے نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن چورنگی کے قریب مسجد سے نکلنے والے افراد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ اہلسنت والجماعت کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے ان کے 3 کارکنان ایثارالقاسمی ، ضیاء الرحمن اور مسعود احمد مدرسے کے طالبعلم تھے اہل سنت والجماعت کے رہنما اورنگزیب فاروقی نے تینوں طالبعلموں کے قتل کی شدید الفاظ ميں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کارکنوں کو چن چن کر قتل کیا جا رہا ہے، حکومت قاتلوں کو فوری گرفتار کرے اور انھیں سخت سزا دی جائے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کے 14 خول برآمد ہوئے ہیں جب کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ قبل ازیں گولیمار کے علاقے رضویہ کھجی گراؤنڈ کے قریب بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہباز نامی نوجوان کو ہلاک کردیا جب کہ علی الصبح کورنگی کراسنگ سے ایم کیو ایم کے 2 کارکنوں کی تشدد زدہ  اور بہادر آباد کے علاقے بھی ایک مکان سے خاتوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئی تھی۔