|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2014

کراچی:  صولت مرزا سمیت 4 خطرناک قیدیوں کو کراچی سینٹرل جیل سے بلوچستان منتقل کردیا گیا ہے۔

 سندھ ہائی کورٹ میں صولت مرزا کو شہر سے باہر منتقل کئے جانے کی درخواست پر سماعت کے دوران کراچی سینٹرل جیل کے حکام نے عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ متعلقہ حکام کی ہدایات کی روشنی میں صولت مرزا سمیت 4 خطرناک قیدیوں کو بلوچستان کی مچھ جیل منتقل کیا گیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو امن و امان کی ناقص صورتحال کے باعث صوبے سے باہر منتقل کیا گیا۔

سپریٹنڈنٹ جیل نے عدالت کو بتایا کہ کراچی سینٹرل جیل میں تقریباً 5 ہزار 200 انتہائی خطرناک قیدی ہیں جن میں سے بیشتر کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جبکہ متعدد قیدی امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کے الزام میں سزا یافتہ ہیں۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے صولت مرزا کو کے الیکڑک کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر  ملک شاہد حامد، ان کے ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے کے جرم میں 24 مئی 1999 کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔