کراچی: سینئر صحافی اور ٹیلی ویژن کے مایہ ناز اینکر پرسن حامد میر قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے ہیں جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حامد میر ایئر پورٹ سے اپنے دفتر کی جانب جا رہے تھے کہ ناتھا خان پل سے قبل دو موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
رپورٹس کے مطابق حامد میر کو دو گولیاں لگی ہیں اور ان کو شدید تشویشناک حالت میں کراچی کے آغاز خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
صدر پاکستان ممنون حسین نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان اور پیپلز پارٹیی کی رہنما شیری رحمان نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی پرزور مذمت کی ہے۔