|

وقتِ اشاعت :   April 21 – 2014

کشمور: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے انہیں اس ملک کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی قوت بخشی اور جلد ہی ملک سے اندھیرے ختم کردیں گے اور سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا۔ 747 میگاواٹ پیداوار کے حامل گدو گیس پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ اگر ان کے گزشتہ ادوار کے ترقیاتی منصوبے جاری رہتے تو آج پاکستان اقوام عالم میں ایک ممتاز حیثیت کا حامل ہوتا جہاں لوڈ شیڈنگ کا نام و نشان تک نہ ہوتا اور صنعتوں کا پہیہ کبھی نہ رکتا، لیکن اب ہمیں تاخیر کا مداوا کرنا ہے اور زیادہ تیزی سے ملک کو دوبارہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گدو پاور پلانٹ کا منصوبہ وقت سے 7 ماہ پہلے مکمل ہوا ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے پاورپلانٹ کی پیداواری صلاحیت 2 ہزار 42 میگا واٹ ہوجائے گی۔ تاریکی دورکرنے کے لئے آج ایک اور سنگ میل عبورکیا گیا ہے جس پر انہیں خوشی ہے، ان کی کوشش ہے کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کے تمام منصوبے اپنے مقررہ وقت پر مکمل ہوں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ملک سے اندھیروں کے خاتمے کے لئے حکومت نے درست سمت میں اپنے سفر کا آغاز کرتے ہوئے حکمت عملی وضع کی ہے، جس کے تحت چین کے تعاون سے ہم بجلی کے درجنوں پیداواری یونٹ لگانے والے ہیں۔ گڈانی میں کوئلے سے چلنے والے 6 ہزار میگاواٹ پاور پلانٹ پر کام جاری ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک کی مدد سے 1 ہزار 320 میگاواٹ کا بجلی گھر جامشورمیں لگایا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ تربیلا اور دیامر بھاشا میں بھی بجلی کے منصوبوں پربھی کام تیزی سے جاری ہے، بجلی منصوبے مکمل ہونے کے بعد لوڈشیڈنگ کا نام و نشان ختم ہوجائے گا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیشہ ہم پر بے شمار رحمتیں نازل کیں اور ہمیں اس ملک کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی قوت بخشی ہے، اسی وجہ سے ہم ایک مرتبہ پھر درست سمت میں اپنے سفر کا آغاز کررہے ہیں، ملک میں ایک مرتبہ پھر سڑکوں اور موٹر ویز کا جال بچھے گا اور وہ وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ جلد ہی کراچی لاہور موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔