کوئٹہ: پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں آج پیر کی صبح نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ عمران قریشی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ سیٹلائیٹ ٹاؤن میں منیر مینگل روڈ پر پیش آیا جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم افراد نے ایک کار پر فائرنگ کردی جس میں سوار دو افراد موقع پر ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص زخمی ہوا جو ہسپتال پہنچنے پر دم توڑ گیا۔
ابتدائی طور پر اس واقعہ کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ بظاہر ہدف بنا کر قتل کرنے کا واقعہ لگتا ہے۔
دوسری جانب لاشیں کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جہاں کار میں سوار دونوں افراد کی شناخت ہوچکی ہے، جن کا تعلق ایک مقامی این جی او سے تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کی عمریں بائیس سے چوبیس سال کے درمیان ہیں۔