|

وقتِ اشاعت :   April 25 – 2014

ڈیرہ مراد جمالی: حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے اور اب اندھیرے تھوڑے دنوں کے مہمان ہیں۔ ڈیرہ مراد جمالی میں 404 میگاواٹ بجلی کے اوج پاور پلانٹ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کے اس  منصوبے کو دو اسباب سے غیر معمولی اہمیت کا حامل سمجھتا ہوں،  اول یہ کہ منصوبہ گیس سے چلے گا اور اس کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کےلئے کوئی بھی چیز کسی دوسرے ملک سے درآمد کرنا نہیں پڑے گی جب کہ منصوبے کی دوسری اہمیت یہ ہے کہ یہ بلوچستان میں واقع ہے اور مجھے امید ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف بلوچستان کے لوگ خوشحال ہوں گے بلکہ ملک میں جاری  توانائی بحران پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی کیوں کہ حکومت کی خواہش ہے کہ جلد ازجلد اس بحران پر قابو پایا جاسکے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کی فراہمی کےلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے، اس وقت 959 میگاواٹ کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اور 425 میگاواٹ کے نندی پور تھرمل پاور پروجیکٹ جیسے سرکاری منصوبوں پر بڑی تیزی سے دوبارہ کام کا آغاز کردیاگیا ہے، یہ وہ منصوبے  ہیں جو پہلے سے  زیر التوا تھے اور ان پر کوئی کام نہیں ہورہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بجلی کی کمی  کو پورا کرنے کے لئے حکومت طویل المدتی منصوبوں پر بھی کام کررہی ہے اور اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو اندھیرے اب تھوڑے دنوں کے مہمان ہیں۔