|

وقتِ اشاعت :   April 28 – 2014

قاہرہ: مصر کی ایک عدالت نے اخوان المسلمون کے روحانی رہنما محمد بدیع سمیت 683 افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔ پیر کو سزائے موت پانے والے معزول صدر محمد مرسی کے حامی ہیں اور ان پر پچھلے سال چودہ اگست کو جنوبی شہر منیا میں قتل اور پولیس اہلکاروں کے اقدام قتل کے الزامات تھے۔ یاد رہے کہ چودہ اگست کو پولیس نے مرسی کے سینکڑوں حامیوں کوقاہرہ میں احتجاج کے دوران ہلاک کر دیا تھا۔ اٹارنی احمد حفنی نے منیا میں عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ دی جانے والی ان سزاؤں پر عمل درآمد کے لیے ملک کے سب سے بڑے مفتی سے منظوری درکار ہے۔ عدالت کے باہر موجود ملزمان کے رشتہ دار فیصلہ سننے کے بعد بے ہوش ہو گئے۔ اسی عدالت نےمارچ میں 529 افراد کو دی جانے والی سزائے موت میں سے 492 کی سزا میں نرمی کرتے ہوئے عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔