|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2014

کراچی: پاکستان فلار ملز ایسوسی ایشن نے سیکریٹری خوراک سندھ سے کامیاب مذاکرات کے بعد گزشتہ 8 روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان فلار ملز ایسوسی ایشن سندھ سرکل کے نمائندوں نے آج سیکریٹری خوراک سے ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کے جن اضلاع سے گندم کراچی لائی جاتی ہے وہاں سے بلارکاوٹ گندم کی ترسیل جاری رہے گی جب کہ سیکریٹری خوراک کی جانب سے اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی جس پر پاکستان فلار ملزم ایسوسی ایشن نے گزشتہ 8 روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا جب کہ فلار ملز ایسوسی ایشن کے رہنما کل وزیر خوارک سے ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ فلار ملز ایسوسی نے حکومت سندھ کی جانب سے گندم و آٹے کی نقل وحمل پرپابندی، اندرون سندھ سے کراچی آنے والی گندم اور سندھ کے راستے پنجاب سے بلوچستان جانے والے آٹے اور گندم کے ٹرکوں کو روک کر ان سے سرکاری سرپرستی میں زبردستی لی جانے والی رقم  جب کہ افغانستان کے لیے گندم کی مصنوعات برآمد کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے باعث 8 روز قبل ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔