اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا آغازمثبت سوچ سے کیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
تین روزہ سرکاری دورہ پر برطانیہ پہنچنے پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی مقدم ہے اور اس پر کسی صورت آنچ آنے نہیں دیں گے، امید ہے کہ طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ سے تعلقات بہت پرانے ہیں جنہیں مزید بہتر بنانے کے لئے بات چیت ہوگی، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم بہت سے پاکستانی وطن عزیز میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گے اور بیرونی سرمایہ کاروں کے ساتھ حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔
دورہ برطانیہ کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف اور دیگر حکومتی و سرکاری شخصیات بھی ہیں، اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف برطانوی ہم منصب سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، اس کے علاوہ وہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب اور وہاں مقیم پاکستانی برادری سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔