لیورپول کے لوئی سواریز کو پروفیشنل فٹبالرز ایسوسی ایشن نے انگلش پریمیئر لیگ کے رواں سیزن کا بہترین فٹبالر قرار دیا ہے۔
انھیں یہ اعزاز اتوار کی شام لندن میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا۔
یہ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد یوراگوئے سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ سٹرائیکر کا کہنا تھا کہ ’پریمیئر لیگ میں بہت سے بہترین کھلاڑی موجود ہیں اس لیے ان میں سے منتخب کیا جانا ایک بڑا اعزاز ہے۔‘
لوئی سواریز اس سال انگلش پریمیئر لیگ میں پابندی کی وجہ سے ابتدائی چھ میچ نہ کھیلنے کے باوجود سیزن میں 30 گولوں کے ساتھ ٹاپ سکورر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں اور ایوارڈز کا ملنا بھی اچھا لگتا ہے لیکن لیورپول میں میرے ساتھی کھلاڑیوں اور عملے کی مدد کے بغیر میرے لیے یہ ایوارڈ جیتنا ممکن نہ تھا۔‘
انھوں نے دسمبر میں ہی لیورپول سے ساڑھے چار برس کا نیا معاہدہ کیا ہے اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ لیورپول کے شائقین سے ان کا تعلق اس معاہدے کی اہم وجہ بنا ہے۔
اسی تقریب میں لندن کے کلب چیلسی کے نوجوان کھلاڑی ایڈن ہیزرڈ کو سیزن کا بہترین نوجوان فٹبالر قرار دیا گیا۔
23 سالہ ہیزرڈ نے کہا ہے کہ ’ایوارڈ جیتنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے کیونکہ اس کا مطلب ہوتا ہے کہ آپ کی کارکردگی بہترین تھی۔‘