|

وقتِ اشاعت :   April 30 – 2014

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان دیگر اداروں کے ساتھ دہشتگردی کے سامنے دیوار بن کر کھڑی ہے باغی عناصر قومی دھارے میں شامل ہوکر آئین کو قبول کریں  ورنہ ان سے نمٹنے کے لیے کسی شک کی گنجائش نہیں۔

جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں یوم شہدا کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں  شہدا کے اہل خانہ،فوج کے اعلیٰ افسران سمیت سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی،وزیردفاع خواجہ آصف اور دیگر حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سےخطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ  افواج پاکستان دفاع وطن کی ضمانت ہیں،آج ہمیں بحیثیت قوم ایک جنگ کا سامنا ہے جبکہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان سیکیورٹی کے دیگر اداروں خصوصاً سول آرمڈ فورسز،پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مل کر اپنے فرائض پورے کرتے ہوئے تمام خطرات کے خلاف دیوار بن کر کھڑی رہے گی اور دشمن کے عزائم ناکام بنا دے گی۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج طاقت کا سرچشمہ ہیں اور تمام ادارے دہشتگردی کے خلاف  برسرپیکار ہیں، دہشتگردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے حکومت کی ہر کوشش کی حمایت کرتے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہ صرف بے شمار قربانیاں دیں بلکہ ہمیشہ اپنی افواج کا ساتھ بھی دیا جبکہ ہر آنے والا دن عوام اور فوج کے رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر کرے گا،فوجی جوان جذبہ شہادت سے سرشار ہیں، قوم کے ان شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے 1947 سے لے کر اب تک اندرونی وبیرونی خطرات کا سامنا کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور قومی سلامتی پر ہمارے بہادرسپوت آئندہ بھی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس،رینجرز،ایف سی اور لیویوز کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، افواج پاکستان نے ملک کی تعمیر وترقی اور فلاح کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا ، مہاجرین کی پاکستان آمد اور آبادکاری سے لے کر سوات اور فاٹا  کے لوگوں کی گھروں کو واپسی تک پاک فوج کا کردارنمایاں رہا ہے۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی سلامتی کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات پر نظر رکھتی اور اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی،پاک فوج امن کی خواہاں ہے مگر کس بھی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہمہ قت تیار بھی ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک بہتراور محفوظ پاکستان دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان جمہوریت کےاستحکام،آئین وقانون کی بالادستی،میڈیا کی آزادی اور ذمےدارانہ صحافت پریقین رکھتی ہے اور ہم میڈیا کی قربانیوں کو بھی سراہتے ہیں جب کہ پاکستان کےاستحکام کےلیےان کاکردارناقابل فراموش ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے یہ ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں اور اس کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا علاقائی سلامتی اور پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔آرمی چیف نے کہا کہ مشکلات کےباوجودپاکستان اپنےاستحکام اورخوشحالی کی منزل کی طرف گامزن ہے جبکہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے ہمیشہ کام کرتی رہے گی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف  نے اس موقع پر شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی اور یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔