کراچی: متحدہ قومی مومنٹ کے کارکنوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے لئے سندھ رینجرز نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے مطالبات کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں اور ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز میجر رضوان نے ایم کیو ایم کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیےخصوصی ٹاسک دے دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ رینجرز سیاسی جماعتوں کے جائز مطالبات کی حمایت کرتی ہے لیکن ہم اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کارکنوں کے تسلسل کے ساتھ قتل کے حوالے سے حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کی تحقیقات کرائیں کہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکار کون ہیں اور کس کے کہنے پر ہمارے کارکنوں کو اغوا کر کے انھیں قتل کر دیا جاتا ہے اور پھر ان کی لاشیں ویران علاقوں میں پھینک دی جاتی ہیں۔