|

وقتِ اشاعت :   May 5 – 2014

کوئٹہ: فرنٹیئر کور( ایف سی) نے بلوچستان میں مجرمانہ کارروائیوں کے شکار ضلع پنجگور میں دس مبینہ مسلح عسکریت پسندوں کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ نیم فوجی فورس، ایف سی کے ترجمان خان واسع نے بتایا کہ فورسز نے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں ملوث مجرموں کیخلاف پہاڑی علاقوں میں آپریشن شروع کیا۔ اس آپریشن میں دس کے قریب مبینہ ملزمان مارے گئے جبکہ کئی ایف سی اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ‘ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں اطراف سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا،’ واسع نے بتایا۔ زخمی ہونے والے اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے پنجگور لے جایا گیا۔ تاہم فورسز نے شرپسندوں کی تین پناہ گاہوں اور دو گاڑیوں کو تباہ کردیا۔ واسع خان نے یہ بھی کہا کہ شروع میں ایف سی کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جو پہاڑیوں پر موجود تھے۔ ‘مارے جانے والے افراد کالعدم بلوچ تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں،’ انہوں نے کہا۔ واسع کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان دو گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا۔ پنجگور شورش ذدہ صوبے کا حساس ترین ضلع ہے جہاں دہشتگرد اپنی کارروائیاں کرتے رہتےہیں۔ اس علاقے میں بلوچ علیحدگی پسند حکومتی فورسز اور سرکاری عمارتوں اور تنصیبات کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔