|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2014

برطانوی فٹبال کلب لیور پول کے مینیجر برینڈن روجرز نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کے انگلش پریمیئر لیگ جیتنے کی ا?میدیں ختم ہوگئی ہیں۔ روجرز نے کرسٹل پیلس کے ساتھ ہونے والے میچ کے برابری پر اختتام کو اس کی وجہ قرار دیا۔ یاد رہے کہ پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں لیور پول کو پہلے تین گول کی برتری حاصل تھی لیکن بعد ازاں کرسٹل پیلس نے میچ میں واپسی کی اور نہ صرف میچ برابر کیا بلکہ پریمیئر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان لیور پول کے لیگ جیتنے کے اِمکان بھی تقریباً ختم کر دیے۔ برینڈن روجرز نے کہا کہ ’ 78 منٹ تک ہماری کارکردگی عمدہ تھی اور ہمیں ایسا لگ رہا تھا کہ ہم کچھ اور گول کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن ہم ایسا نہیں کر پائے‘۔ واضح رہے کہ لیور پول کو پریمیئر لیگ جیتنے کے لیے اپنے بقیہ تمام دو میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ضروری تھی۔ اس وقت اگرچہ لیورپول پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے لیکن دوسرے نمبر پر موجود مانچسٹر سٹی سے ان کا فرق صرف ایک پوائنٹ کا ہے جبکہ مانچسٹر سٹی نے ان سے ایک میچ کم کھیلا ہے اور ان کا گول تناسب لیور پول سے بہتر ہے۔ 24 سال سے پریمیئر لیگ جیتنے کی امید رکھنے والی لیور پول اگر کرسٹل پیلس کے خلاف میچ 0۔3 سے جیت جاتی تو اس کا گول تناسب نہ صرف مانچسٹر سٹی سے بہتر ہوجاتا بلکہ اس کے لیگ جیتنے کے امکانات بھی روشن ہو جاتے۔ برینڈن روجرز نے کہا کہ ’ہمیں یہ میچ جیتنے کی ضرورت تھی لیکن ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ اب اس میں کوئی شک نہیں کہ مانچسٹر سٹی اب چیمپیئن شپ جیت جائے گی۔‘ 2009 کے بعد کسی بھی بڑی لیگ میں لیور پول کی یہ سب سے بہتر کارکردگی ہے۔ روجرز نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’اس سیزن میں لیورپول کی کارکردگی بہت متاثر کن رہی ہے اور مجھے اس پہ فخر ہے، امید ہے کے اگلے سال ہماری کارکردگی اس سے بھی بہتر ہوگی۔‘