|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع پنجگور اور آواران میں ایف سی نے کالعدم مسلح تنظیموں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دس عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، فائرنگ کے تبادلے میں تین ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق آواران اور پنجگور میں N-85شاہراہ سے ملحقہ پہاڑی اور دور دراز علاقوں میںآپریشن میں سپیشل آپریشن ونگ، آواران ملیشیا اور پنجگور رائفلز کے اہلکار وں نے حصہ لیا جبکہ ہیلی کاپٹرز کا استعمال بھی کیا گیا۔ آپریشن کے دوران پیچیدہ اوردشوارگزارخفیہ ٹھکانوں سے مورچہ زن ہوکر عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسزکے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ جس پر فرنٹیئرکور کے اہلکاروں نے بھی کارروائی کی دونوں جانب شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ایف سی ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے اور شیلنگ میں دس عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ عسکریت پسندوں کے تین ٹھکانے اور دو گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ ایف سی ترجمان کے مطابق خودکار ہتھیار، راکٹ کے گولے ،مارٹر گولے اور دستی بموں کا بھی استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ایف سی ترجمان زخمیوں کو فوراً طبی نگہداشت کے لئے بذریعہ ہیلی کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔فورسز کی سپلائی اور رسد کیلئے ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئیے جارہے ہیں۔ایف سی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے عسکریت پسند وں کا تعلق کالعدم کالعدم لشکر بلوچستان اور بلوچ لبریشن فرنٹ سے ہے جو پنجگور کے قریب جودر کے علاقے میں سیکورٹی فورسز ، زلزلہ متاثرین کی بحالی میں مصروف امدادی ٹیموں اور پنجگور میں قومی شاہراہ پر کام کرنے والے عملے پر حملوں میں ملوث تھے۔ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جس میں خود کار ہتھیار ، راکٹ لانچر ، بارودی مواد، آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹر زاور دیگر اسلحہ بھی شامل ہیں۔آئی جی ایف سی میجرجنرل محمداعجازشاہد نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی کامیاب کا رروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا شدت پسند اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے بے گناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ صوبے میں بدامنی پھیلا کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرسکیں لیکن فرنٹےئرکور بلوچستان عوام کے تعاون سے شدت پسندوں اور دہشت گردوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے ایف سی اہلکاروں پرزور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور مقامی انتظامیہ ،پولیس اور لیویز کے ساتھ موئثررابطہ رکھیں تاکہ شرپسندوں اور جرائم پیشہ افرادکے ساتھ موئثر طریقے سے نمٹاجاسکے۔آئی جی ایف سی نے کہا کہ بلوچستان کو پر امن اور مثالی صوبہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔ آئی جی ایف سی بلوچستان نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے خاتمے تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ چھ اپریل کو بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران تیس عسکریت پسند ہلاک کردیئے گئے تھے۔