|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2014

اسلام آباد: عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او)کی سفارشات کے بعد وزارت صحت نے ہوائی اڈوں پر پولیو ویکسینیشن پوائنٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے پیر کے روز ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز کی وجہ سے پاکستان پر سفری پابندیوں کی تجویز پیش کی تھی۔ عوامی صحت سے وابستہ اقوامِ متحدہ کی اہم ترین ایجنسی نے اس مرض کے خلاف نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے تجویز دی ہے کہ بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں سے پولیو ویکسینیشن سرٹفکیٹ طلب کیا جائے ۔ پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی یہ مرض موجود ہے۔ اس کے علاوہ نائیجیریا اور افغانستان میں بھی یہ پولیو پایا جاتا ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان ساجد علی شاہ نے کہا کہ اس حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے جن میں تمام ہوائی اڈوں، سرحدی چوکیوں اور بندر گاہوں پر حفاظتی قطروں کے خصوصی پوائنٹس قائم کرنا شامل ہیں۔ شاہ نے اس بات کی تصدیق نہیں کہ طویل عرصے سے پاکستان میں رہ رہے غیر ملکی بھی اس مہم کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا: ‘اس حوالے سے ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں فیصلہ کیا جائے گا۔’ ڈبلیو ایچ او کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال پولیو کے 91 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ان کی تعداد 2012 میں 58 تھی۔ رواں سال دنیا بھر میں پولیو کے 74 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 59 پاکستان سے رپورٹ ہوئے۔