کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)فرنٹیئر کور بلوچستان نے آواران اور مکران ڈویژن کے علاقوں میں آپریشن جاری رکھتے ہوئے عسکریت پسندوں کے مزید دو ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ فرنٹیئر کور کے اسپیشل آپریشن ونگ نے ایف سی کی پنجگور رائفلز، آواران ملیشیا اور مکران اسکاؤٹس کے اہلکاروں کے ساتھ ملکر ضلع پنجگور، کیچ اور آواران سے ملحقہ دشوارگزار اور پہاڑی علاقے میں کیا اور اس میں زمینی کارروائی کرنے والے اہلکاروں کی مدد کے لئے ہیلی کاپٹر زبھی پروازیں کرتے رہے اور رسد کی فراہمی میں بھی ہیلی کاپٹرز کی مدد لی گئی۔یہ آپریشن زلزلہ متاثرین کی بحالی میں مصروف امدادی ٹیمو ں،قومی ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے عملے ، سرکاری املاک اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ کے جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق گیچک اور ہوشاب کے ملحقہ دشوارگزار اور پہاڑی علاقے میں واقع ملین اور بجارکیمپ کو گھیرے میں لیتے ہوئے علی الصبح سرچ آپریشن شروع کیا گیا تو پیچیدہ اوردشوارگزارخفیہ ٹھکانوں میں چھپے ہوئے مورچہ زن عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسزکے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔ نتیجتاً فرنٹیئرکور کے اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی ۔ اس دوران دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہواجس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے ہتھیار وں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ایف سی ترجمان کا دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن کے دوران عسکریت پسند تسلسل کے ساتھ خود کار جدید آتشی اسلحہ ،مارٹرگولے ،راکٹ لانچرزاورہینڈگرینیڈ استعمال کرتے ہو ئے مو قع سے فرار ہو گئے۔تاہم فرار ہو نے والے بلو چستان لبریشن فرنٹ کے عسکریت پسندوں کے دو ٹھکانوں اور ایک گاڑی کو تباہ کردیا گیا۔ ایف سی ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ گروہ پچھلے تین ماہ میں تعمیراتی کمپنی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی پارٹیوں اور سیکورٹی فورسزپر 10سے زائدحملوں میں ملوث تھے۔یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی پنجگور اور آواران کے سرحد پر واقع علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا جس میں ایف سی نے دس عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ دریں اثناء آئی جی ایف سی میجرجنرل محمداعجازشاہد نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی کامیاب کا رروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا شدت پسند اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے بے گناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ صوبے میں بدامنی پھیلا کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرسکیں لیکن فرنٹےئرکور بلوچستان عوام کے تعاون سے شدت پسندوں اور دہشت گردوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے ایف سی اہلکاروں پرزور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور مقامی انتظامیہ ،پولیس اور لیویز کے ساتھ موئثررابطہ رکھیں تاکہ شرپسندوں اور جرائم پیشہ افرادکے ساتھ موئثر طریقے سے نمٹاجاسکے۔مزید برآں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ بلوچستان کو پر امن اور مثالی صوبہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگااورانشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب صوبے بھرسے دہشتگردوں اورتخریب کاروں کا قلع قمع کیاجائے گا۔