|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2014

لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں آج جمعہ کے روز پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ یہ درخواست بیرسٹر اسجد سعید کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان عدالتوں کے بارے میں توہین آمیز رویہ اختیار کرتے ہیں۔ درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان کو عدالت میں آنے سے روکا جائے۔ واضح رہے کہ بدھ کے روز لاہور ہائی کورٹ میں انتخابات میں دھاندلی سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے عدالتی احاطے میں ہنگامہ آرائی اور سخت نعرے بازی کی تھی۔ اس ہنگامے اور توڑ پھوڑ کو دیکھتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے کیس کی سماعت سے انکار کرتے ہوئے اسے ملتوی کردیا تھا۔ اس سماعت میں خود عمران خان بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئی تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں تحریکِ انصاف کے سربراہ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران عدلیہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے ‘شرمناک’ کا لفظ استعمال کیا تھا، جس پر سپریم کورٹ کے اس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے انہیں توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ تاہم بعد میں ایک سماعت کے دوران واضح کرتے ہوئےعمران خان نے یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کا اشارہ عدلیہ کی جانب نہیں، بلکہ الیکشن کمیشن کی جانب تھا، جس پر یہ مقدمہ خارج کردیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں یہ درخواست اُس وقت میں دائر کی گئی ہے جبکہ گیارہ مئی کو وہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرچکے ہیں۔