|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2014

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ۔ نواز ( پی ایم ایل ۔ این) کے رہنماؤں نے اتوار کے روز ‘ حکومت مخالف’ جلسوں اور ریلیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی)، عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل) اور پاکستان عوامی تحریک ( پی اے ٹی) کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ ملک میں آزادی صحافت پر ہونے والے ایک سیمینار کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حکومت کی حالیہ کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے ملک میں جاری احتجاجی لہر کو ملک کی ترقی کیخلاف ایک عمل قرار دیتے ہوئے عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے حالات پر ترس کھائیں۔ احتجاجی ریلی کو انہوں نے ‘ پال ٹیمپرنگ ‘ قرار دیا اور کہا کہ عمران خان جمہوری حکومت کی معیاد ختم ہونے سے قبل ہی اس کیخلاف جلسہ کرر ہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر عمران خان کو غریبوں سے اتنا ہی پیار ہے تو وہ اپنا محل نما گھر چھوڑدیں تو میں بھی اپنا عالیشان مکان چھوڑ دوں گا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پاکستان عوامی تحریک ( پی اے ٹی ) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے کہا کہ وہ کینیڈا چھوڑ کر پاکستان آجائیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ طاہر القادری خود تو ٹھنڈی ہوا کھا رہے ہیں جبکہ عوام سڑکوں پر شدید گرمی برداشت کررہے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کرکٹ کی زبان میں پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کوارٹر فائنل کھیلے بغیر فائنل کھیلنا چاہتے ہیں اور ان کی پارٹی یہ چاہتی ہے کہ فائنل میں بھی ان کے اپنے امپائر ہوں۔