|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2014

صنعا، یمن: یمن پولیس کےمطابق ایک بارود بھری گاڑی میں خودکش حملے کے بعد آٹھ افراد ہلاک اور سترہ زخمی ہوگئے ہیں۔ آفیشلز کے مطابق یہ حملہ اتوار کو جنوبی صوبے حضرموت کے دارالحکومت مقالا میں ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود بھری گاڑی پولیس اسٹیشن کے بہت قریب لائی تھی اور دھماکے سے قبل افسر کو باتوں میں الجھائے رکھا تھا۔ خیال ہے کہ خودکش حملہ القاعدہ کے دہشتگرد کی طرف سے کیا گیا تھا وہ بہت دیر تک پولیس افسر سے جھگڑتا اور بحث کرتا رہا تاکہ ذیادہ سے ذیادہ اہلکار اس کے قریب جمع ہوجائیں۔ اس کی آواز سن کر اندر دوپہر کا کھانا کھانے والے اہلکار قریب آئے اور حملہ آور نے گاڑی کو دھماکے سے اڑادیا۔ دوسری جانب یمن کے دارلحکومت میں سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر فائرنگ کے واقعے میں تین مسلح افراد مارے گئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور صدارتی محل کے بہت قریب تھے اور شاید وزیرِ دفاع کو قتل کرنے کی ایک کوشش تھی۔ وزارتِ داخلہ نے جوابی حملے میں تین مسلح عسکریت پسندوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔