لندن (اسپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کے کوچ روئے ہوجسن نے جون میں برازیل میں ہونے والے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے 23 رکنی انگلش ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کو شامل کیاگیا ہے۔ انگلش ٹیم کی کپتانی تجربہ کار کھلاڑی سٹیون جیراڈ کریں گے۔ انگلش کوچ روئے ہوجسن نے ٹیم میں آٹھ ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے جن کی عمریں 24 سال سے کم ہیں اور وہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں شریک ہوں گے۔ نوجوان راس بارکلے کے علاوہ جن نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ان میں ساؤتھمپٹن کلب کے رکی لیمبرٹ، ایڈم لیلانا، اور لیوک شاہ ہیں۔ رائے ہوجسن نے تجربہ کار دفاعی کھلاڑی ایشلی کول اور مائیکل کیرک کو ٹیم میں شامل نہیں کیا اور اس کی جگہ ایورٹن فٹ بال کلب کے 20 سالہ کھلاڑی راس بارکلے کو جگہ دی ہے۔ ایشلی کول نے ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ نہ ملنے پر انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انگلینڈ کے سابق کپتان جان ٹیری اور ریو فرڈینینڈ پہلے ہی انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ البتہ دونوں کھلاڑی اپنے کلبوں کی طرف سے کھیلتے ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی: گول کیپر:جو ہارٹ، بین فوسٹر، اور فریزر فورسٹر۔دفاعی کھلاڑی:گیری کے ہل، لائٹن بینز، فل جیگی ایلکا، گلین جانسن، فل جونز، لیوک شاہ، کرس سمالنگ۔مڈفیلڈر: سٹیون جیراڈ (کپتان)، راس بارکلے، جارڈن ہینڈرسن، ایڈم لیلانا، فرینک لیمپارڈ، جیمز ملنر، اور ایلکس اوکسلیڈ چیمبرلین، رحیم سٹرلنگ اور جیک ولشر۔سٹرائکر:وین رونی، ڈینیئل سٹریج، ڈینی ویلبیک اور رکی لیمبرٹ۔ روئے ہوجسن نے کہا ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بعض فیصلے انتہائی مشکل تھے لیکن انھیں امید کہ انگلش ٹیم ورلڈ کپ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی اور اپنے ہم وطنوں کو مایوس نہیں کرے گی۔ روئے ہوجسن نے سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا خود سے سوال کیا اور پھر اس کا جواب دیا:’ کیا مجھے یقین ہے کہ انگلینڈ کی موجودہ ٹیم ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔ جی ہاں مجھے یقین ہے، ورنہ ورلڈ کپ میں شمولیت کا کیا فائدہ۔ اگر آپ دوسری ٹیموں کے کوچز سے بھی یہ سوال پوچھیں گے تو وہ یہیں جواب دیں گے۔‘ انگلینڈ کی ٹیم کا ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ میں اٹلی، یوروگوائے اور کوسٹا ریکا سے مقابلہ ہوگا، جہاں سے دو ٹیمیں اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ انگلینڈ کی ٹیم چودہ جون کو اپنا پہلا میچ اٹلی کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد وہ یوروگوائے اور کوسٹا ریکا سے کھیلے گی۔