|

وقتِ اشاعت :   May 12 – 2014

لندن(اسپورٹس ڈیسک) مانچسٹر سٹی نے 14۔2013 کے سیزن کے آخری میچ میں ویسٹ ہیم کو شکست دے کر تین برس میں دوسری مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ جیت لی ہے۔ چیمپیئن بننے کے لیے مانچسٹر سٹی کو یہ میچ صرف برابر کرنا ضروری تھی لیکن اتوار کو ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں مانچسٹر سٹی نے دو صفر سے فتح حاصل کی۔ کھیل کے 39 ویں منٹ میں سمیر نصری نے گول کر کے مانچسٹر سٹی کوبرتری دلوائی جسے دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی کومپنی نے دوگنا کر دیا۔ مانچسٹر سٹی کی دو گول کی یہ برتری آخر تک قائم رہی اور یوں وہ سیزن کے 38 میچوں میں86 پوائنٹس لے کر انگلش پریمیئر لیگ جیتنے میں کامیاب رہی۔ یہ انگلش فٹبال سیزن کی تاریخ میں چوتھا اور پریمیئر لیگ کے آغاز کے بعد دوسرا موقع ہے کہ مانچسٹر سٹی چیمپیئن بننے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس سے قبل کلب نے 37_1936 اور 68_1967 میں فرسٹ ڈویڑن فٹبال لیگ اور 12_2011 میں پریمیئر لیگ جیتی تھی۔ مانچسٹر سٹی کے مینیجر اور کوچ مینوئل پیلیگرینی پہلے ہی اپنی ٹیم کی کامیابی کی امید ظاہر چکے تھے: ’میں چاہتا ہوں کہ وہ میچ جیتیں۔ ہم صرف ایک پوائنٹ کے حصول پر نہیں بلکہ میچ جیتنے پر غور کر رہے ہیں اور اس کے لیے بہترین طریقہ ہے کہ ہم اسی طرح کھیلیں جیسے کھیلتے آئے ہیں۔‘ رواں سیزن میں دوسری پوزیشن 84 پوائنٹس کے ساتھ لیورپول کے حصے میں آئی جس نے اتوار کو اپنے آخری میچ میں نیوکاسل کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ لیورپول کے لیے یہ سیزن پریمیئر لیگ میں اس کے بہترین سیزنز میں سے ایک تھا اور ایک موقع پر اس نے لگاتار 11 میچ بھی جیتے۔ آخری میچ سے قبل لیورپول کے مینیجر اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن دکھائی دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم اتوار کو جیت کر بھی لیگ نہیں جیتتے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے ہمت ہار دی تھی۔ ہم مقابلہ آخر تک لے کر آئے جو کہ اس سیزن میں ہماری شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے۔‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہم جانتے تھے کہ اختتام پر مشکلات بڑھ جاتی ہیں اور آخری رکاوٹیں عبور کرنا ہمیشہ ہی مشکل ہوتا ہے۔‘ انگلش پریمیئر لیگ کے اس سیزن میں تیسری پوزیشن چیلسی نے 82 پوائنٹس کے ساتھ حاصل کی جس نے اتوار کو اپنے آخری میچ میں کارڈف کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ انگلش پریمیئر لیگ میں ہر برس 20 ٹیمیں شریک ہوتی ہیں اور سیزن کے اختتام پر آخری تین ٹیمیں تنزلی کا شکار ہو کر فرسٹ ڈویڑن میں چلی جاتی ہیں اور اس سال ان ٹیموں میں نورچ، کارڈف اور فلہم کی ٹیمیں شامل ہیں۔پریمئر لیگ میں دیگر میچز میں چیلسی نے کارڈیف کو ایورٹن نے ہل سٹی کو ، لیورپول نے نیوکاسل یونائیٹڈ کو آرسنل نوروچ کو، سوانسی نے سنڈر لینڈ کو ٹوٹہنام اوسپر نے آسٹن ویلا کو جبکہ اسٹوک سٹی نے ویسٹ ہام یونائیٹڈ کو شکست دیدی ۔ مانچسٹر یونائیٹڈ اور ساؤتھہمٹن کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ انگلش پریمئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل کے مطابق 38میچز کے بعد لیورپول 84پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، چیلسی تیسرے ، آرسنل چوتھے ، ایورٹن پانچوے ٹوٹہنام چھٹے، مانچسٹر یونائیٹڈ ساتویں،ساؤتھہمٹن آٹھویں،سٹوک نویں جبکہ نیوکاسل یونائیٹڈ نے دسویں پوزیشن حاصل کی۔ سیزن کے اختتام پر تین ٹیمیں تنزلی کا شکار ہوئے جن میں کارڈیف نوروچ اور فلہم شامل ہیں۔