اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابی عذرداریوں کے فیصلوں میں تاخیر پر تمام الیکشن ٹریبونلز سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام الیکشن ٹریبونلز کو خط ارسال کیے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عذرداریوں کو نمٹانے کا عمل تیز کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے ٹریبونلز سے انتخابی عذرداریوں کے فیصلوں میں تاخیر پر ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے اس کی وجوہات بھی بیان کرنے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے بعد 435 انتخابی عذرداریاں دائر کی گئی تھیں جن میں سے 100 تاحال زیر سماعت ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے بھی گزشتہ روز جلسے میں انتخابی عذرداریوں کے فیصلے میں تاخیر پر الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کمیشن کے چاروں ارکان سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔