|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2014

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 20اضلاع میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ چھٹے روز بھی جاری رہی ،مکران میں تیز آندھی اور بارش کے باعث ٹرانسمیشن لائن متاثر اور پورے مکران ڈویژن کو بجلی منقطع ہوگئی ہے ، این ٹی ڈی سی اور کیسکو چھ دن گزر جانے کے باوجود بھی چار متاثرہ ٹاورز کی مرمت کا کام پورا نہیں کرسکی ، کوئٹہ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بارہ سے چودہ گھنٹے اور اسکے گرد نواں میں 16سے 18گھنٹے ،دیگر بیس اضلاع میں بجلی پورے دن غائب رہی اور تمام علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ، بجلی کے طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کسی کے حکم پر بجلی کے متاثر ٹرانسمیشن لائنز کی مرمت کا کام بروقت مکمل نہیں کررہے ہیں ، مستونگ، قلات،خضدار، خاران ، آواران، نوشکی، کچی ، چاغی،پشین اور دیگر علاقوں سے عوام نے شکایات کی ہے کہ بجلی 20گھنٹے بند رہتی ہے ، تربت کے رہاشی امجد بلوچ کا کہنا ہے کہ مکران ڈویژن میں گزشتہ دو روز سے بجلی منتقطع ہے جس کے باعث عوام عذاب میں مبتلا ہیں اسی طرح مچھ کے رہائشی گلزار کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی گزشتہ کئی روز سے منقطع ہے دوسری جانب کیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا اور جلد بجلی فراہم کی جارہی ہے ان یہ بیان گزشتہ تین تین سے اخبارات میں شائع ہورہا ہے ، این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق متاثرہ ٹاوروں کی مرمت کا کام ہفتے کی شام سے جاری ہے۔ کیسکو ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ضرور ہوا ہے تاہم سترہ اضلاع کو بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہونے کی خبریں درست نہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں کو یومیہ مختلف اوقات کار میں چار گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق صوبے کے 26اضلاع کے لئے 3سو 57میگا واٹ بجلی مل رہی ہے جبکہ صوبے کی ضرورت 16سو10میگا واٹ ہے جبکہ شارٹ فال بارہ سو 53میگا واٹ تک جا پہنچا ہے ۔طلب اوررسدکی اِس کمی کو پوراکرنے کے لئے لوڈمینجمنٹ کے تحت لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ اس وقت کوئٹہ میں9گھنٹے یومیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ کوئٹہ سے باہر متاثرہ علاقوں کویومیہ مختلف اوقات کار میں چار گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے ۔ادھر طویل لوڈشیڈنگ سے پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ شیڈول سے برعکس لوڈشیڈنگ نے روز مرہ کے کاموں کو متاثرہ کیا ہے جس کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب مکران ڈویژن کے ضلع کیچ کی تحصیل مند اور تمپ کے درمیان آزیان کے مقام پر ایران سے آنے والے 132کے وی ٹرانسمیشن لائن کے3کھمبے تیز آندھی اور طوفان کے نتیجے میں گر گئے جس کے باعث کیچ، گوادر، پنجگور کے بیشتر علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور تینوں اضلاع کے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔