|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2014

اسلام آباد: اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چار کھلاڑیوں کو جدید ٹریننگ دینے کے لیے برطانیہ بھیجنے اور برطانوی فٹ بال کلب لیگ کھلانے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان برازیل میں کھیلے گئے اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی پاکستانی ٹیم کے اعزاز میں بدھ کو نیشنل پریس کلب میں منعقدہ خصوصی تقریب میں کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے ) کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کے خازن وقار ستی، مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر ضیا النور، آزاد فاؤنڈیشن کے کنٹری ڈائریکٹر امجد رسول سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر ضیا النور نے سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے چار کھلاڑیوں کو جدید ٹریننگ دینے کے لیے برطانیہ بھیجنے اور برطانوی فٹ بال کلب لیگ کھلانے کا اعلان کیا ہے۔ ضیا النور نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکے اور یہ مستقبل میں وہ پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔ سابق وفاقی وزیر نور الحق قادری نے کہاکہ سٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کی بہترین کارکردگی نے ملک بھر کے بچوں میں بھر پور پذیرائی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان بچوں کا یہ دورہ ملک میں امن کی علامت اور دوسرے بچوں کے لیے بھی مدد گار ثابت ہو گا جس کے ذریعے وہ بھی ان صحت مندانہ سرگرمیوں کا حصہ بن سکیں گے۔ اس سے قبل فٹبال ٹیم نے قومی اسمبلی کا دورہ کیا جہاں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مہمانوں کی گیلری میں ٹیم کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی نے سٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ 2014ء میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مشترکہ قرارداد کی متفقہ طورپر منظوری دیدی۔ وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان برازیل میں منعقد ہونے والے سٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ 2014ء میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور ان کا ایوان میں خیر مقدم کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان صوبائی حکومتوں پر زور دیتا ہے کہ پاکستان کی گلی کوچوں میں بسنے والے بچوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائیں۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے ایوان کو بتایا کہ ان بچوں کے اعزاز میں 19 مئی کو اسلام آباد میں کلب میں نمائشی میچ کرائیں گے اور سپورٹس کمپلیکس میں ان کے لیے ایک ماہ کا کیمپ لگایا جائے گا۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے بچوں کو ایوان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ لیاری کے بچے ہیں، سندھ حکومت نے ان بچوں کا خیال رکھا اور انہیں موقع فراہم کیا جس کے لیے ہم سندھ حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کرکٹ اور دوسرے کھلوں کی طرح فٹ بال کھیلنے والے بچوں کو بھی تربیت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔