|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2014

برطانوی اخبار ’دی نیوز آف دی ورلڈ‘ کے سابق مدیر برائے شاہی امور کلائیوگڈمین نے لندن میں عدالت کو بتایا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ولیم کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن کا فون 155 بار ہیک کیا گیا۔ بدھ کو لندن کی ایک عدالت میں فون ہیکنگ مقدمے کی سماعت کے موقع پر کلائیو گڈمین نے بتایا کہ کیٹ میڈلٹن کے فون کی وائس میل پہلی بار سال 2005 میں ہیک کی گئی۔ انھوں نے شہزادہ ولیم کا فون 35 بار اور شہزادہ ہیری کا فون نو بار ہیک کرنے کا اعتراف کیا۔ گڈمین نے پہلی بار عدالت کو شہزادوں کے فون ہیک کرنے کے بارے میں بتایا ہے۔ اس سے پہلے انھوں نے صرف شاہی خاندان کے ملازمین کے فون ہیک کرنے کے بارے میں بتایا تھا۔ 56 سالہ کلائیو گڈمین نے عدالت کو بتایا کہ گذشتہ سماعت کے موقع پر وہ یہ بتانا بھول گئے تھے کہ انھوں نے نوجوان شاہی افراد کے فون بھی ہیک کیے تھے۔ عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ شہزادہ چارلس کے ایک قریبی ملازم کا 35 بار فون ہیک کیا گیا۔ کلائیو گڈمین بیماری کے سبب طویل عرصے سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکے تھے۔ clive goodman’دی نیوز آف دی ورلڈ‘ کے دو سابق مدیر ربیکا بروکس اور اینڈی کولسن سمیت کلائیوگڈمین ان سات افراد میں شامل ہیں جو فون ہیکنگ سکینڈل کے مقدمے میں مدعا علیہ ہیں۔ یہ افراد پہلے ہی اپنے اوپر عائد الزامات سے انکار کر چکے ہیں۔ اینڈی کولسن کے وکیل نے جب ان سے پوچھا کہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کا فون کیوں ہیک کیا تو اس پر کلائیو گڈمین نے کہا کہ ’وہ شاہی خاندان کے نزدیک ہو رہی تھیں اور ان کی شہزادہ ولیم سے شادی کی باتیں ہو رہی تھیں اور انھیں نیم شاہی درجہ حاصل ہو گیا تھا اور چیزیں آگے بڑھ رہی تھیں۔‘ انھوں نے عدالت کو بتایا گیا کہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ میڈلٹن کا فون سال 2005 میں کرسمس اور باکسنگ ڈے پر ہیک کیا گیا۔ کیٹ میڈلٹن کا فون پہلی بار ہیک ہونے کے تقریباً پانچ سال بعد ان کی شادی شہزادہ ولیم سے ہوئی تھی۔ کلائیو گڈمین نے فون ہیکنگ کے الزامات میں گرفتار ہونے سے ایک دن پہلے سات اگست 2006 کو بھی شہزادی کیٹ میڈلٹن کا فون ہیک کیا تھا۔اسی سال جنوری میں شہزادہ ولیم کا فون ہیک کیا گیا۔ ایک سو اڑسٹھ سال سے شائع ہونے والا ’نیوز آف دی ورلڈ‘اخبار ہیکنگ سکینڈل کے سامنے آنے کے بعد جولائی 2011 میں بند ہو گیا تھا۔ یہ وہی اخبار ہے جس نے پاکستان کرکٹ کے تین کھلاڑیوں کے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی اطلاعات کوثابت کرنے کو خفیہ کارروائی کے بعد یہ خبر شائع کی تھی۔