ساؤپالو(آزادی نیوز)ورلڈ کپ فٹ بال کا سحر دنیا پر طاری ہوتا جارہا ہے، میگا ایونٹ کا آغازٹھیک 28 دن بعد برازیلی تہذیب اور میلوں ٹھیلوں کار نگ لیے تقریب میں ہوگا۔ اس شاندار تقریب کو یادگا ر بنانے کیلیے سینکڑوں فن کار دن رات تیاریوں میں مصروف ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ افتتاحی تقریب برازیل کے خزانوں ، کلچر اور متنوع طرز زندگی کا عکس لیے ہوئے ہوگی۔ حاضرین اور دنیا بھر میں ٹی وی سیٹس کے سامنے بیٹھے اربوں ناظرین کو ملک کا خوب صورت چہرہ دکھائیں گے۔12 جون کو ساؤپالو میں مقامی وقت کے مطابق 3.15 پر شروع ہونے والی تقریب 25 منٹ جاری رہے گی اس دوران 600 سے زائد فن کار اور بازی گر اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔ اس شو کے بیلجئم سے تعلق رکھنے والے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ تقریب صرف ناچ گانے تک محدود نہیں، یہ برازیل، اس کے کلچر، لوگ اور فٹ بال کیلیے خراج تحسین ہے۔شو کا مرکز نگاہ عظیم الشان روشنی کا گولہ ہوگا جسے 90ہزار قمقموں سے تیار کیا جار ہا ہے، اس کے روشن ہونے سے اسٹیڈیم میں رنگ و نوراتر تا محسوس ہوگا۔ انہوں نے بتایا چونکہ تقریب دن میں ہوگی اس لیے آتش بازی کا بہت بڑا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔ اس طرح ہم میدان کو بہترین حالت میں بھی رکھ سکیں گے کیونکہ اس کے بعد یہاں برازیل اور کروشیا کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔