|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2014

اسلام آباد: اٹارنی جنرل آف پاکستان سلمان اسلم بٹ نے سپریم کورٹ میں کہا ہے کہ ملک کے آئین اور پاکستان آرمی ریگولیشن کے مطابق حاضر سروس فوجی اہلکاروں کیخلاف ایف آئی آر درج ہوسکتی ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ 35 لا پتا افراد کیس کی سماعت کررہا ہے۔ سماعت کے دوران سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آرکے اندراج سےمتعلق اٹارنی جنرل نےجواب جمع کرادیا، اٹارنی جنرل نے اپنے جواب میں کہا کہ ملک کے آئین اور پاکستان آرمی ریگولیشن کے مطابق آرمڈ فورسز اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوسکتی ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ سوال جواب طلب ہے کہ حاضر سروس اہلکاروں کا ٹرائل فوجی عدالت میں ہو یا سول میں، فوجی اہلکار کو فوجی حکام کے حوالے کرنے سے متعلق بھی قواعد ہونے چاہئیں، میجسٹریٹ خود کو کمانڈنگ افسر کے ماتحت نہ  سمجھے۔ اسے فوجی اہلکاروں کی حوالگی سے متعلق وجوہات بیان کرنا ہوں گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سے جواب طلب کیا گیا تھا کہ کیا آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا سکتی ہے، اگر ہاں تو ٹرائل فوجی عدالت کرے گی یا سول عدالت۔