اٹلی کے شہر تورن میں یوروپا لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیویلیا نے بین فیکا کلب کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ سیویلیا نے گذشتہ نو سیزنوں میں یہ ٹائٹل تیسری مرتبہ جیتا ہے۔
بین فیکا اس سے قبل سات مرتبہ یورپی ٹورنامنٹ کے فائنل میں شکست کھا چکی ہے اور 1962 میں آخری بار انھوں نے یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
بین فیکا کی بارہا شکست کا یہ سلسلہ شاید اس وقت ٹوٹ جاتا جب میچ کے آخری لمحات میں لیما کی گول کرنے کی ایک بہترین کوشش گول لائن کے بالکل قریب روک دی گئی۔ میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔
سیویلیا کے گول کیپر بیتو نے آسکر کارڈوزو اور روڈراگو کی ککس روک دیں اور حتمی سکور 4-2 رہا۔
سیویلیا کی جانب سے کیون گامیرو، کارلوس باکا، سٹیفن بیا اور جارج مورینو نے کامیابی کے ساتھ پنلٹی ککس لگائیں۔
بین فیکا کی جانب سے برازیلی کھلازی لیما اور لوئیساؤ کامیاب رہے۔
2007 میں بھی سیویلیا نے یہ ٹورنامنٹ ہسپانوی کلب ایسپانیول سے پنلٹی ککس پر جیتا تھا اور اس سے ایک سال قبل وہ یوئیفا کپ میں کامیاب رہے تھے۔
بین فیکا بین الاقوامی سطح پر تو اتنی کامیاب نہیں رہ سکی ہے تاہم وہ 33 بار ملکی ٹورنامنٹ کی فاتح رہ چکی ہے۔
آخری بار کسی یورپی ٹورنامنٹ میں بین فیکا کلب کو کامیابی 1960 کی دہائی میں ہنگری سے تعلق رکھنے والے کوچ بیلا گٹمین کی سرپرستی میں ملی تھی۔ دو بار مسلسل یورپی فائنل میں پہنچانے کے بعد جب گٹمین نے معاوضے میں اضافے کے تنازعے کے بعد کلب چھوڑا تو بین فیکا کی قسمت بھی ساتھ چھوڑ گئی۔
کلب چھوڑتے وقت گٹمین نے کہا تھا کہ بین فیکا ان کے بغیر کوئی یورپی ٹورنامنٹ نہیں جیت سکے گی اور آج 52 سال بعد بھی وہ غلط ثابت نہیں ہوئے ہیں۔