پالتو کتے مالک کے ہمدرد اور گھر کے رکھوالے سمجھے جاتے ہیں، جبکہ پالتو بلیوں کی وفاداری پر کبھی یقین نہیں کیا گیا۔
لیکن امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک پالتو بلی نے اپنی بہادری سے نہ صرف اپنے مالکان کو حیرت میں ڈال دیا بلکہ انھوں نے یہ بات بھی غلط ثابت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق کیلی فورنیا میں ایک بچہ اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ ہمسائیوں کے کتے نے اچانک اس پر حملہ کر دیا۔
قریب ہی کہیں ان کی پالتو بلی یہ سارا منظر دیکھ رہی تھی اور کتے کو دیکھ کر بھاگ جانے کے بجائے بلی نے آؤ دیکھا نہ تاؤ کتے پر حملہ کر دیا۔
جیسا کہ کہا جاتا ہے بلی پنجے جھاڑ کر کتے پر پل پڑی۔ کتا اس اچانک حملے سے سراسیمہ ہو کر بچے کو چھوڑ کر بھاگ کھڑا ہوا۔
بلی کتے کا پیچھا کرتے کچھ دور گئی اور پھر واپس زخمی بچے کے پاس لوٹ آئی۔
اس آوارہ بلی کو جمی کے گھر والوں نے پانچ سال پہلے پالا تھا اور وہ اس کو تارا کہہ کر پکارتے تھے۔
یہ سارا منظر گھر کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے پر محفوظ ہو گیا۔ بچے کی والدہ کو کیمرے کی ریکارڈنگ سے یہ معلوم ہوا کہ آخر ہوا کیا ہے اور بلی نے کتنا بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔
کتے کو اس واقعے کے بعد مقامی حکام کے حوالے کر دیا جب کہ بلی اپنے گھر میں ہیروئنوں کی طرف گھوم رہی ہے۔
کتے کے کاٹے سے بچے کو ٹانکے لگائے گئے جبکہ والدین شکر گزار ہیں کہ بچے کو زیادہ گہرے زخم نہیں آئے۔
یہ ویڈیو یوٹیوب پر دیکھنے والی کی دلچسپی کا سبب بنی ہوئی ہے۔