|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2014

ممبئی: بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لئے 6 ہفتے قبل شروع ہونے والے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے جب کہ غیر سرکاری اعدوشمار کے مطابق بھارتیہ جنتہ پارٹی کے امیدوار نریندر مودی کو واضح برتری حاصل ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا کے انتخابات میں مسلمانوں کی دشمن اور پاکستان مخالف بھارتیہ جنتہ پارٹی کی کامیابی کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق بی جے پی کو اب تک 325 نشستوں کے ساتھ واضح برتری حاصل ہے جب کہ دوسرا نمبر کانگریس کا ہے جو اب تک صرف 60 نشستوں پر کامیابی حاصل کر سکی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے صرف ایک نشست حاصل کی ہے. بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ نے بی جے پی کے وزیراعظم کے امیدوار نریندر مودی کو ٹیلی فون پر انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔ نریندر مودی 21 مئی کو بھارت کے نئے وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے۔ دوسری جانب نریندر مودی کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ انتخابات میں بھارت کی جیت ہوئی ہے، اب بھارت ترقی کرے گا۔ ایگزٹ پول کے سروے کے مطابق انتخابات میں بی جے پی اتحاد میں شامل 28 جماعتیں 249 سے 340 سیٹیں حاصل کر سکتی ہے جب کہ جو جماعت 272 سیٹیں حاصل کرے گی اسے لوک سبھا میں اکثریت حاصل ہوگی۔ واضح رہے کہ بھارت میں 7 اپریل سے 12 مئی تک 9 مراحل میں مکمل ہونے والی ووٹنگ کے طویل عمل میں 55 کروڑ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، 18 لاکھ الیکڑانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا جب کہ الیکشن کمیشن کے مطابق اس بار سب سے زیادہ 66.38 فیصد ووٹنگ ہوئی۔