|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2014

لاہور : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کو 2014ءمیں گزشتہ سال کی نسبت 5 ارب 27 کروڑ روپے زائد آمدنی ہوئی ہے۔ لاہور میں میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر ریلوے نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں ریلوے نے گزشتہ سال اسی عرصے کی نسبت پانچ ارب روپے زیادہ کمائے ہیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ کرائے میں کمی کے باعث 2013 کے دوران 14 ارب آمدنی کے مقابلے میں 2014 میں ریلوے نے 19 ارب روپے کمائیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریلوے مسافروں کو جدید سہولیات پر مبنی آرام دہ سفر فراہم کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں ریلوے کی 500ایکڑ اراضی قبضہ گروپوں سے واگزار کرائی گئی جبکہ 20 ریلوے انجنز اگست تک فلیٹ میں شامل کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریل گاڑیوں کی تعداد اور ان میں گنجائش مسلسل بڑھائی جارہی ہے جب کہ اٹک اور جھنڈ کے درمیان شٹل سروس جلد شروع کی جائے گی۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سگنلز کے شعبہ کی ترقی کے لیے چینی سرمایہ کاری سے استفادہ کیا جائے گا۔