|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2014

مانچسٹر (اسپورٹس ڈیسک) لوئس وین گال کو تین سال کے لیے مانچسٹر یونائیٹڈ کا نیا کوچ مقرر کردیا ہے۔مانچسٹر یونائیڈ کے لیجنڈ رائن گگز کو اسسٹنٹ کوچ بنادیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ نے وین گال کو ٹیم کے نئے کوچ بنانے کا باقاعدہ اعلان کردیا اور گگز ان کے اسسٹنٹ ہونگے۔ واضح رہے کہ ہالینڈ کی فٹبال ٹیم کے کوچ وین گال نے گزشتہ ہفتے مانچسٹر یونائیٹڈ کے عبوری کوچ رائن گگز سے ملاقات کی اور انھیں معاون کوچ کے طور پر اپنے ساتھ رہنے کی پیشکش کی جو انہوں نے قبول کرلی۔ واضح رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ 1989 کے بعد پہلی بار انگلش فٹبال لیگ میں پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں پوزیشن پر آیا ہے اور 1995 کے بعد پہلی بار چیمپیئنز لیگ کے اگلے سیزن کے لیے کوالیفائی نہیں کر پایا۔ 27 سال سے مانچسٹر یونائیٹڈ کی کوچنگ کے فرائض انجام دینے والے سر ایلکس فرگوسن نے گذشتہ برس ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کلب کی انتظامیہ نے فرگوسن کی تجویز پر ایورٹن کلب کے مینیجر ڈیوڈ موئز کو کوچ مقرر کیا تھا۔ وین گال بائرن میونخ ،اییکس اور الکمار جیسے فٹبال کلبز کی کوچنگ کرچکے ہیں ۔ وین گال کو ان کے سخت رویے سے پہچانا جاتا ہے ۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے کوچ مقرر ہونے کے بعد گال نے کہا کہ وہ ان کے لئے اب بڑا امتحان شروع ہورہا ہے اور مانچسٹر یونائیٹڈ جیسے بڑے کلب کا کوچ بننا میرے لیے باعث فخر ہے اور میری خواہش تھی کہ میں انگلش پریمئر لیگ کے کسی کلب کی کوچنگ کرسکوں۔ گال نے مزید کہا کہ وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیجنڈ گگز کو ساتھ لیکر کامیابی کی نئی تاریخ رقم کرینگے۔ یاد رہے کہ وین گال اس وقت ہالینڈ فٹبال ٹیم کو برازیل میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ کی تیاری کروا رہے ہیں۔واضح رہے گزشتہ سیزن میں موئز کی سربراہی میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی کارکردگی کو ماہرین نے کلب کی تاریخ کا بدترین دور قرار دیا ہے۔ موئز کو کلب کے حکام نے کچھ ہفتے قبل ناقص کارکردگی کی بنا پر برطرف کر دیا تھا۔ دوسری طرف کلب کے ایگزیکٹیو چیئرمین نے ایڈ وڈورڈ نے کہا ہے کہ چیمپیئنز لیگ میں حصہ نہ لینے کے باعث یونائیٹڈ کو 30 ملین پاؤنڈ کا نقصان ہوگا تاہم ان کا کہنا ہے کہ کلب کی مالی حالت بہتر ہوتی نظر آ رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کلب کی تنخواہوں کے بجٹ میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ ہوائن ماٹا اور مارون فیلیانی کے ٹرانسفر اور عدنان جنوزاج اور نینی کے نئے معاہدے ہیں۔ ایڈ وڈورڈ کا کہنا تھا کہ ’کلب مالی لحاظ سے بہت بہتر پوزیشن میں ہے اور ہم نئے سکواڈ میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔