|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2014

واشنگٹن: امریکی حکومت نے انٹیلی جنس ادارے سی آئی اے پر ویکسی نیشن کی آڑ میں جاسوسی پر پابندی عائد کردی ہے۔ امریکی ایوان صدر ’’وائٹ ہاؤس‘‘ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر براک اوباما کی مشیر لیسا موناکو نے ملک میں صحت عامہ کی 13 جامعات کے سربراہان کو ایک خط میں بتایا ہے کہ سی آئی اے کے سربراہ جان برینن انٹیلی جنس ادارے کے اہلکاروں کو کسی بھی قسم کی معلومات کے لئے ویکسی نیشن مہم کا سہارا نہ لینے کا حکم جاری کرچکے ہیں۔ اس کے تحت سی آئی اے اس قسم کے اقدامات کی آڑ لے کر ڈی این اے یا دیگر جینیاتی مواد حاصل کرنے کی کوشش بھی نہیں کرے گی۔ اس  پالیسی کا اطلاق امریکی اور غیر امریکی تمام شہریوں پر ہوگا۔ واضح رہے کہ سی آئی اے نے پاکستان میں اْسامہ بن لادن کی تلاش کے لئے انسداد پولیو کی جعلی مہم چلائی تھی۔ اس انکشاف کے بعد پولیو ٹیموں پر حملے شروع ہوئے تھے، انسداد پولیو مہم کی ناکامی کے بعد ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آرہے ہیں جس پر عالمی ادارہ صحت نے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔