|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2014

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت میں فائرنگ کرکے ٹیچر سمیت چھ افراد کو قتل کردیا گیا۔ تربت کے علاقے کیچ میں حملہ آوروں نے ماسٹر حمید نامی شخص کے گھر میں گھس کر اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چھ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ لیویز ذرائع کے مطابق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی۔ بدھ کو ہونے والا واقعہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب پنجگور کے نجی اسکولوں کو ایک عسکریت پسند تنظیم کی جانب سے دھمکی آمیز خطوط بھیجے گئے تھے۔ تنظیم الاسلامی نامی تنظیم نے ‘مغربی تعلیم’ دینے والے اسکولوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی ہیں خاص کر ان کو جو لڑکیوں کو تعلیم دیتے ہیں۔ بعدازاں علاقے کے متعدد اسکول بند کردیے گئے تھے۔ دوسری جانب ہوشاب میں نامعلوم افراد نے ایف سی چیک پوسٹ پرراکٹوں سے حملہ کیا جو قریبی ہوٹل پر جا گرے جسکے نتیجے میں مالک ہلاک ہوگیا ایف سی کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہوگئے ۔